Live Updates

حافظ نعیم الرحمان کے عمران خان سے متعلق ریمارکس پر پی ٹی آئی نے ردعمل دیدیا

ریموٹ کنٹرول سیاستدانوں کی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے، تحریک انصاف اس بیان کو مضحکہ خیز، بدنیتی پر مبنی اور اسٹیبلشمنٹ کی خوشنودی کی ایک اور کوشش قرار دیتی ہے؛ مرکزی شعبہ اطلاعات کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 اکتوبر 2025 14:08

حافظ نعیم الرحمان کے عمران خان سے متعلق ریمارکس پر پی ٹی آئی نے ردعمل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق ریمارکس پر ردعمل جاری کردیا۔ مرکزی شعبہ اطلاعات پاکستان تحریکِ انصاف کے مطابق ریموٹ کنٹرول سیاستدانوں کی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے، پاکستان تحریکِ انصاف حافظ نعیم الرحمان کے حالیہ بیان کو مضحکہ خیز، بد نیتی پر مبنی اور اسٹیبلشمنٹ کی خوشنودی کی ایک اور کوشش قرار دیتی ہے، حافظ نعیم جیل میں قید ایک عوامی لیڈر کے ایمان، غیرت اور جذبۂ فلسطین پر تبصرہ کر رہے ہیں یہ ان کی سیاسی بدنیتی اور فکری غلامی کی انتہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چند ماہ قبل حافظ نعیم خود فلسطین مارچ کے سلسلے میں چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے ملے تھے اور تحریکِ انصاف نے اُس وقت جماعتِ اسلامی کے مارچ کی غیر مشروط حمایت اور بھرپور شرکت کی تھی، عمران خان وہ واحد پاکستانی رہنما ہیں جنہوں نے اسرائیل اور مقامی غلام حکمرانوں کے خلاف ہمیشہ دوٹوک مؤقف اپنایا، جتنا واضح اور جرات مندانہ مؤقف عمران خان کا فلسطین پر ہے، اتنا کسی اور سیاستدان کا نہیں رہا، تحریکِ انصاف کے جاری بیانات دراصل عمران خان ہی کے مؤقف کی ترجمانی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی ائی کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم کو کیا آپ کو سینیٹر مشتاق احمد کے لیے بولنے کی اجازت نہیں ملی؟ جو اسرائیلی قید میں ہیں، اُن کے لیے آپ کی زبان کیوں بند ہے؟ کیا اُن کے حق میں آواز اٹھانے کے لیے “ہدایات” موصول نہیں ہوئیں؟ نواز شریف کی خاموشی پر بھی کبھی سوال کر لیجیے یا وہ موضوع اجازت نامے سے باہر ہے؟ قوم جانتی ہے کہ ریموٹ کنٹرول سیاستدان کب، کہاں اور کس کے اشارے پر بولتے ہیں لہٰذا حافظ نعیم اداروں کی خدمت جاری رکھیں مگر اُس رہنما پر زبان نہ چلائیں جو قوم کے ضمیر، حریت اور خودداری کی علامت بن چکا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات