پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیم، سیاحت، انسداد بدعنوانی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی 6یادداشتوں پر دستخط

پیر 6 اکتوبر 2025 16:31

پتراجایا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) پاکستان اور ملائیشیا نے تعلیم، حلال سرٹیفکیشن، سیاحت اور انسداد بدعنوانی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی 6 یادداشتوں پر دستخط کر دیئے۔پیر کو اس سلسلے میں تقریب ملائیشیا کے وزیراعظم کے دفتر پردانا پترا کمپلیکس میں منعقد ہوئی،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد تقریب میں شرکت کی،پاکستان اور ملائیشیا نے سفارت کاروں کی تربیت کے شعبے میں تعاون کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف ڈپلومیسی اینڈ فارن ریلیشنز اور پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر دستاویزات کا تبادلہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ حاجی محمد بن حاجی حسن نے کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ رانا تنویر حسین اور ملائیشیا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر زامبری عبدالقادر نے دستاویزات کا تبادلہ کیا،سیاحت کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

ملائیشیا کے وزیرسیاحت تیونگ کنگ سنگ اور پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاا تارڑ نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔حلال سرٹیفکیشن کے شعبے میں تعاون سے متعلق ایک اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ دستاویزات کا تبادلہ ملائیشیا کے مذہبی امور کے وزیر ڈاکٹر حاجی محمد نعیم بن حاجی مختار اور پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان کے درمیان ہوا۔

دونوں ممالک نے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دستاویزات کا تبادلہ ملائیشین اینٹی کرپشن کمیشن کے سربراہ اعظم بن باقی اور نیب کے ڈپٹی چیئرمین سہیل ناصر کے درمیان ہوا۔مفاہمت کی چھٹی یادداشت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ سے متعلق ہے جس کے تحت پاکستان کی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)اور ملائیشیا کی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کارپوریشن کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے گا۔اس موقع پر دستاویزات کا تبادلہ ایس ایم ای کارپوریشن ملائیشیا کے سی ای او رضال بن داتو نائن اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کے درمیان ہوا۔