بھارت نے اگر کسی بھی قسم کے ایڈونچر کی کوشش کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ ذلت اٹھانا پڑے گی، وزیر دفاع

پیر 6 اکتوبر 2025 19:50

بھارت نے اگر کسی بھی قسم کے ایڈونچر  کی کوشش کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے اگر کسی بھی قسم کے ایڈونچر کی کوشش کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ ذلت اٹھانا پڑے گی، پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر اس کا بنایا گیا، ہوائی قلعہ برباد کردیا ، وہ اپنے آپ کو بڑا پلیئر سمجھتے تھے ، اب وہ کہیں سی یا ڈی ٹیم میں شفٹ ہو گئے ہیں۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہماری افواج نے جس طرح بہادری سے ملک کا دفاع کیا ہے وہ تاریخ کا ایک سنہری باب بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو پہلے چار یا پانچ بڑے ممالک میں تصور کرتا تھا اب وہ بھی پوزیشن ختم ہو گئی ہے۔ وہ دنیا میں اپنی ساکھ کو بحال کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں الیکشن آنے والے ہیں اس کے ساتھ ہی ان کی سیاسی مجبوریاں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کے پاس اپنی ساکھ کےلئے کچھ باقی رہ گئے ہیں تو وہ بھی گنوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور ان کے رائٹ لفٹ بیٹھنے والوں کے پلے ہی کچھ نہیں رہا ، ان کی پارلیمنٹ میں ان کا مذاق بن گیا ہے، پچھلے چند دنوں سے بھارت بڑے تواتر کے ساتھ بیان دے رہا ہے ، ان کی فوج کی لیڈرشپ بھی بیان دے رہی ہے، بھارت اس وقت انتہائی ڈپریشن میں مبتلا ہے ۔