ْکانگریس کادلتوں اور مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے مظالم پر یوگی آدتیہ ناتھ سے استعفے کا مطالبہ

منگل 7 اکتوبر 2025 14:10

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے ریاست اتر پردیش میں امن و امان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے استعفی کا مطالبہ کیاہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس شیڈولڈ کاسٹ ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین راجندر پال گوتم اور رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں جرائم پیشہ افراد کو مکمل چھوٹ حاصل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ریاست میں دلتوں، خواتین اور مسلمانوں کے خلاف مظالم میں خطرناک حد تک اضافے پر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے اس موقع پر ایک ویڈیو بھی چلائی جس میں رائے بریلی میں ایک دلت نوجوان کو دن دیہاڑے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیاگیا۔

(جاری ہے)

راجندر پال گوتم نوجوان کے قتل کی فوری غیر جانبدانہ تحقیقات اور اس میںملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیرحکومت پانچوں ریاستوں میں دلتوں کے خلاف مظالم میں 75فیصد اضافہ ہوا ہے۔عمران مسعود نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت آئینی اور قانونی اصولوں پرعمل درآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے پولیس پر تعصب کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی سرعام تذلیل کی جا رہی ہے جبکہ پولیس ہندوتوا انتہا پسندوں کاتحفظ کر رہی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ انہیں حالیہ تشدد کے بعد بریلی جانے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ان واقعات کی تحقیقات کے لیے جلد ہی ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم تشکیل دے گی اور ایک تفصیلی رپورٹ جاری کرے گی۔