بلوچستان حکومت نوجوانوں کی فلاح، تعلیم اور مثبت کردار سازی کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے،مینا مجید بلوچ

منگل 7 اکتوبر 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی اور ترقی کی اصل قوت ہیں بلوچستان حکومت نوجوانوں کی فلاح، تعلیم اور مثبت کردار سازی کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی توانائیاں علم، تحقیق، کھیل اور سماجی خدمت کے میدان میں صرف کریں تاکہ بلوچستان کو ایک مضبوط، پرامن اور باوقار صوبہ بنایا جا سکے یہ بات انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں منعقدہ انٹر یونیورسٹیز اینٹی کرپشن ڈے اسپورٹس فیسٹیول 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی کا محور ہوتے ہیں، اگر وہ دیانت داری، نظم و ضبط اور تحقیق کو اپنا شعار بنالیں تو معاشرے سے کرپشن اور بدعنوانی جیسے جرائم خود بخود ختم ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی قیادت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے صوبائی سطح پر مؤثر پالیسیاں تشکیل دی ہیں، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے صوبے کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ریاست مخالف پروپیگنڈے سے بچانے کے لیے شعور و آگاہی مہم پر خصوصی دے رہی ہے۔

نوجوان سمجھ داری اور ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی ایسے بیانیے یا عمل کا حصہ نہ بنیں جو ریاست یا قومی مفاد کے خلاف ہو انہوں نے کہا کہ ریاست ہماری شناخت، تحفظ اور مستقبل کی ضمانت ہے۔ اس کے خلاف بولنا یا اس سے بغاوت کا سوچنا دراصل اپنی بنیاد کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے مینا مجید بلوچ نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں برداشت، ٹیم ورک اور نظم و ضبط پیدا کرتے ہیں، یہی اوصاف ایک صحت مند معاشرے اور شفاف نظام کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت بلوچستان کی پالیسی واضح ہے ہر کھلاڑی کو مواقع فراہم کیے جائیں گے اور صوبے کے تمام ڈویژنز میں جدید اسپورٹس کمپلیکسز قائم کیے جا رہے ہیں انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی میں ایمانداری، خدمت اور حب الوطنی کو بنیاد بنائیں۔ یہی وہ راستہ ہے جو انہیں کامیابی اور عزت کی بلندیوں تک لے جائے گا انہوں نے کہا کہ ریاست سے محبت کا مطلب یہ ہے کہ ہم قانون کی پاسداری کریں، اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں اور قومی وسائل کی حفاظت کو اپنا اخلاقی فرض سمجھیں صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے بیوٹمز انتظامیہ، نیب بلوچستان اور کھیلوں کے شعبے سے وابستہ تمام ٹیموں کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور نوجوانوں سے کہا کہ وہ کرپشن کے خلاف اجتماعی آواز بنیں، کیونکہ کرپشن کے خلاف جنگ دراصل پاکستان کے روشن مستقبل کی جدوجہد ہے۔