Live Updates

غزہ امن مذاکرات میں قطر کے وزیر اعظم ، امریکا اور ترکیہ کے سینئر مندوبین بھی شامل ہوں گے

بدھ 8 اکتوبر 2025 10:30

شرم الشیخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) مصر میں جاری غزہ امن مذاکرات کے تیسرے دن قطر کے وزیر اعظم اور امریکا اور ترکیہ کے سینئر مندوبین بھی فلسطینی اور اسرائیلی مذاکرات کاروں کے ساتھ شامل ہوں گے ۔ اے ایف پی کے مطابق مصر کے تفریحی مقام شرم الشیخ میں بالواسطہ طور پر جاری ہیں جن کی بنیاد گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تجویز کردہ 20 نکاتی منصوبے پر ہے ۔

قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی، ترکیہ کے انٹیلی جنس چیف ابراہیم کالن، ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف اور داماد جیرڈ کشنر مذاکرات میں شرکت کرنے والے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک دن قبل اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھاکہ بات چیت میں امریکی مذاکرات کار بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں اس بات کا امکان ہے کہ ہم مشرق وسطیٰ میں امن قائم کر سکتے ہیں۔

یہ غزہ کی صورتحال سے بھی آگے کی چیز ہے۔ ہم یرغمالیوں کی فوری رہائی چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر فریقین جنگ بندی پر راضی ہوجاتے ہیں تو امریکا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا کہ ہر کوئی معاہدے کی پاسداری کرے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں اٹلی، اسپین، آئرلینڈ اور برطانیہ سمیت دنیا بھر کے مملک کے کئی شہروں میں لاکھوں کی تعداد میں مظاہرین فلسطین کے حامی بڑے پیمانے پر مظاہروں میں شامل ہوئے، جن میں جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔

نیدرلینڈز میں مظاہرین نے اپنی حکومت سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ فلسطینی مذاکرات کاروں کے مطابق وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سپانسر ممالک سے اس بات کی ضمانت چاہتے ہیں کہ جنگ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی ۔فلسطینی حکام کے مطابق منگل کے اجلاس میں غزہ سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلا کے حوالے سے پیش کیے گئے ابتدائی نقشوں کے ساتھ ساتھ یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کے طریقہ کار اور ٹائم ٹیبل پر بات چیت کی گئی ۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات