بجلی کے بحران سے دس خاندان پیسہ بنا رہے ہیں،عوام اذیت کا شکار ہیں،پاسبان

پی ڈی پی کراچی کے زیر اہتمام کے الیکٹرک کے خلاف اورنگی ٹائون، نارتھ کراچی اور نیو کراچی میں احتجاجی مظاہرے

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام کے الیکٹرک کی دھاندلیوں اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران سے صرف دس خاندان پیسہ بنا رہے ہیں اور عوام اذیت کا شکار ہیں۔ پاکستان میں سرپلس بجلی ہے پھر بھی لوڈ شیڈنگ ہمارے سیاسی رہنماؤں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

مہنگی ترین بجلی ہونے کے باوجود ڈھائی ہزار ارب روپے کا گردشی قرضہ کس گرداب میں جا رہا ہی کے الیکٹرک کی ناانصافیاں اور بدمعاشیوں کو عوام نامنظور کرتے ہیں۔ بھاری بلز کی ادائیگی کے باوجود 8 سے 12 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے ای کی کھلی بدمعاشی ہے۔ حکومت کی خاموشی اور ساتھ نے کے ای کو سفید ہاتھی بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کسٹمر کیئر سینٹرز پر مارے مارے پھرتے ہیں لیکن کوئی افسر یا اہلکار ان کی دادرسی کو تیار نہیں۔

حکمران اگر عوام سے مخلص ہیں تو کراچی کے عوام کی کے الیکٹرک سے گلو خلاصی کروائیں۔ کنڈا مافیا کے الیکٹرک کی سرپرستی میں چل رہی ہے۔ عوام کو غلط ریڈنگ اور اوور بل بھیجے جا رہے ہیں لیکن کراچی کے حقوق کی کسی کو پرواہ نہیں ہے۔ اہل کراچی کو اپنے حق کے لئے خود کھڑا ہونا پڑے گا۔ پوری دنیا میں کہیں سے مثال نہیں مل سکتی کہ چار کروڑ کی آبادی کے شہر پر ایک ہی کمپنی مسلط ہو۔

جو ڈسٹری بیوشن بھی چلا رہی ہو اور جنریشن بھی۔ کراچی میں مختلف کمپنیوں کو مسابقت کی بنیاد پر بجلی کی پیدواور کی اجازت دی جائے۔کے الیکٹرک کراچی کے پوش علاقوں میں پندرہ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کر رہی ہے۔ صارفین کا کوئی پرسان حال نہیں۔ غلط اور اوور بل بھیجے جا رہے ہیں۔ کراچی والے لاوارث نہیں، سب سے زیادہ ریونیو دیتے ہیں۔ سندھ حکومت کومت اگر مخلص ہو تو کراچی کا اپنا اور سستا بجلی سسٹم بنایا جا سکتا ہے۔

کے الیکٹرک کا آڈٹ بہت ضروری ہے، بہت سی بے قاعدگیاں کھل کر سامنے آئیں گی۔ حکومت ان بے قاعدگیوں پر کمپنی پر جرمانہ عائد کرے اور اسے سبسڈی کی شکل میں عوام کو واپس کرے۔ واضح رہے کہ پی ڈی پی کراچی کے زیر اہتمام مختلف مقامات پر کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اورنگی ٹائون کے مظاہرے میں قیوم شعبان، آفتاب محمد ، ظفر اقبال اور اقبال چنگ چی، الحمید چوک نارتھ کراچی میں رضوان الحق، آصف بخش، سلیم جنجوعہ، ملک اسلم،فراز علی خان جبکہ نیو کراچی UC 15 میں محسن، رمضان و دیگر ورکرز نے شرکت کی۔