خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری سے ایتھوپیا کے سفیر کی الوداعی ملاقات

پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے اور دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی تعریف

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوستی کو فروغ دینے میں سفیر کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے پہلے وزیر اعظم تھے جنہوں نے ایتھوپیا کا دورہ کیا اور کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بادشاہ نجاشی کے دور سے باہمی احترام اور یکجہتی پر قائم ان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے۔

خاتون اول نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ 10 بڑے ممالک میں شامل ہے، ان کے حلقے میں بھی سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے بڑے پیمانے پر تعمیر نو اور شجرکاری کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا گرین پاکستان انیشی ایٹو اور ایتھوپیا کے کامیاب جنگلات کے ماڈل کے تحت موسمیات سے ہم آہنگ زراعت، قابل تجدید توانائی اور ارلی وارننگ سسٹم پر مل کر کام کر سکتے ہیں۔

انہوں نے ایتھوپیا کو برکس کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور موسمیاتی کارروائی میں تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے اقتصادی روابط کو بھی سراہا جس میں دوطرفہ تجارتی معاہدے کی تکمیل، اس سال کے آخر میں عدیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش اور کراچی اور عدیس ابابا کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی شامل ہے جو کہ زیادہ سے زیادہ رابطے اور عوام کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

سفیر نے پاکستان میں ایتھوپیا کے پہلے سفیر کی حیثیت سے پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں خاتون اول کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا روابط استوار کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے پاکستان کو عالمی منظر نامے میں ایک مضبوط شراکت دار کے طور پر بیان کیا۔ڈاکٹر جمال بکر عبد اللہ نے ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر ایتھوپیا کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افریقی خطہ پاکستان کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے خاتون اول کو ایتھوپیا کی جنگلات کی بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کے بارے میں بھی بتایا جس میں سات برسوں میں 48 ارب پودے لگائے گئے۔ سفیر نے خاتون اول کو ایتھوپیا کا دورہ کرنے اور ایتھوپیا کی خاتون اول کے ساتھ تعاون کی راہیں تلاش کرنے کی دعوت دی جنہوں نے خواتین، بچوں اور ماحولیاتی مقاصد کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے۔ خاتون اول نے ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ کی مستقبل کی کوششوں میں کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری جاری رہے گی۔ ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔