جی سی یو لاہور میں صوبائی یوتھ کلائمیٹ کنکلیو 2025 کا انعقاد،نوجوانوں کا ماحولیاتی انصاف اور پائیدار ترقی پر زور

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں صوبائی یوتھ کلائمیٹ کنکلیو 2025 منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر سے منتخب نوجوانوں نے شرکت کی۔ یہ تقریب یونیسف، وزیراعظم یوتھ پروگرام، محکمہ ماحولیاتی تبدیلی و ہم آہنگی پنجاب اور یوتھ فار کلائمیٹ کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔تقریب کا مقصد نوجوانوں کو آئندہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں مثر کردار کے لیے تیار کرنا اور پائیدار ترقی، انصاف اور عالمی تعاون کے لیے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔

اجلاس میں پاکستان کی ماحولیاتی تبدیلیوں، درختوں کی شجرکاری، سبز روزگار اور ماحولیاتی تعلیم کے فروغ پر زور دیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے کہا کہ 2025 کے سیلاب نے صحت اور بنیادی ڈھانچے کو شدید متاثر کیا، اس لیے ماحولیاتی آگاہی ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی بارش کے پانی کی ری سائیکلنگ اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر عمل کر رہی ہے۔ڈائریکٹر جنرل ماحولیاتی تحفظ ایجنسی پنجاب ڈاکٹر عمران حمید شیخ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے خصوصی نمائندے رضوان انور، یونیسف کی نمائندہ حفظہ رضوان اور یوتھ فار کلائمیٹ کے نمائندے محمد بلال نے نوجوانوں کے ماحولیاتی تحفظ میں کردار کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔