Live Updates

نیشنل ریزیلئنس ڈے تقریب،حالیہ فلڈ ریسکیو آپریشن میں بہترین کارکردگی کے حامل ریسکیورز کو نقداور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازاگیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) حکومت پنجاب کی جانب سے حالیہ فلڈ ریسکیو آپریشن میں 200 ریسکیورز کو ان کی بہترین خدمات کے اعتراف میں 50 ہزار روپے کیش ایوارڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازاگیا۔ریسکیو ہیڈکوارٹر لاہور میں منعقدہ نیشنل ریزیلئنس ڈے 2025کی تقریب کے دوران ریسکیورز کو کیش ایوارڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب کا بنیادی مقصدفلڈ ریسکیو آپریشن میں بہترین کارکردگی کے حامل ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 عوام کی خدمت، پیشہ وارانہ کارکردگی اور جدید تربیت کے باعث ایک مثالی ادارہ بن چکا ہے، ریسکیو 1122 نے سیلاب کے دوران ہزاروں قیمتی جانیں بچائیں اور آخری فرد کے ریسکیو ہونے تک ہر ریسکیو اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری لگن سے نبھاتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے پہلے ہی حکومت پنجاب نے تیاریاں شروع کر لی تھیں جس کے باعث جانی و مالی نقصانات کم ہوا، ہمارا سب سے پہلا ٹارگٹ لوگوں اور جانوروں کا محفوظ انخلا تھا جس کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، پنجاب کی عوام نے سندھ کی عوام کی خاطر 16 سے 17 لاکھ کیوسک پانی اپنے سینوں پر برداشت کیا ہے، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، کابینہ اراکین و سول انتظامیہ ہر وقت فیلڈ میں متحرک رہے، ریسکیو آپریشن اور ریلیف کیمپس کے بعد اب نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے شروع کیا جا چکا ہے، وزیر اعلی پنجاب نے 17اکتوبر سے سیلاب متاثرین کے اکاونٹس میں ادائیگیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیرنے ریسکیورز کو کیش ایوارڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازنے پر حکومت پنجاب اور کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 4500سے زائد ریسکیورز نے دن رات خدمات سرانجام دیتے ہوئے 1517ریسکیو بوٹس سے 35ہزار سے زائد بوٹ ٹرپ کے ساتھ 461,900افراد کو مال مویشی سمیت محفوظ مقامات تک پہنچایا جنہوں نے ایڈوانس انخلا نہیں کیا تھا،2005کے تباہ کن زلزلے اور ریسکیو 1122کے اس سفر پر روشنی ڈالی جس کے ذریعے اس ادارے نے ایمرجنسی صورتحال میں 18.6ملین سے زائد افراد کو ریسکیو کیا اور جنوبی ایشیا کی پہلی اقوامِ متحدہ (INSARAG) سرٹیفائیڈ ٹیم بن کر قومی سطح پر ریزیلئنس پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نے پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے 26ہزارسے زائد ایمرجنسی اہلکاروں کو تربیت فراہم کی ہے۔ ۔نیشنل ریزیلئنس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے ایمرجنسی سروسز ضیا اللہ شاہ نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے اپنی محنت، لگن اور جذبے سے پاکستان کو عالمی معیار کی ایمرجنسی سروس فراہم کی ہے، جس نے حالیہ سیلاب میں لاکھوں قیمتی جانیں بچائیں۔

انہوں نے وزیر اعلی پنجاب اور کابینہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے تمام وسائل فراہم کیے۔ ضیا اللہ شاہ نے کہا کہ ریسکیو کے ہیروز نے ایثار اور قربانی کی ایسی مثالیں قائم کیں جو سب کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہم سب مل کر ایک محفوظ، تربیت یافتہ اور حادثات سے پاک پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔تقریب کے اختتام پر پنجاب بھر کے 200ریسکیورز جنہوں نے حالیہ فلڈ ریسکیو آپریشن میں دن رات کام کرتے ہوئے لاکھو ں لوگوں کو ریسکیو کیا کو حکومت پنجاب کی طرف سے 50ہزار کیش پرائز اور اعزازی سرٹیفیکٹ دیا گیا۔ ان 200ریسکیورز کا تعلق پنجاب بھر کے مختلف اضلاع سے ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات