32 کی ٹیسٹ اوسط کے مالک عمران فرحت قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

سابق آل راؤنڈر اظہر محمود ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:01

32 کی ٹیسٹ اوسط کے مالک عمران فرحت قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 اکتوبر 2025ء ) سابق ٹاپ آرڈر بلے باز عمران فرحت کو 12 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول افتتاحی میچ کے ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ دو میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا بیٹنگ کوچ نامزد کر دیا گیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیریز کے لیے مکمل ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے عمران فرحت کے ساتھ سابق ٹیسٹ سپنر عبدالرحمان کو اسپن بولنگ کوچ اور عبدالمجید کو فیلڈنگ کوچ کے طور پر مقرر کیا ہے۔

سابق آل راؤنڈر اظہر محمود ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔
43 سالہ عمران فرحت نے 2001ء سے 2013ء کے درمیان پاکستان کے لیے 40 ٹیسٹ میچز میں 32 کی اوسط سے 2400 رنز سکور کیے تھے جن میں 3 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

(جاری ہے)

یہ سیریز پاکستان کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025ء مہم کا ایک اہم آغاز ہے کیونکہ اس کا مقابلہ موجودہ چیمپئن جنوبی افریقہ سے ہے۔

 
پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
جنوری 2021ء کے بعد یہ جنوبی افریقہ کی پاکستان میں پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی جب اسے میزبان ٹیم کے ہاتھوں 2-0 سے شکست ہوئی تھی۔ 
ٹیسٹ کے بعد دونوں ٹیمیں 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں حصہ لیں گی جس میں پہلا میچ راولپنڈی میں اور بقیہ دو میچ قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے۔

 
اس دورے کا اختتام 4 سے 8 نومبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے ساتھ ہوگا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ ٹیسٹ کرکٹ میں 30 بار ٹکر چکے ہیں، پاکستان نے 6 میچ جیتے، جنوبی افریقہ نے 17 اور سات میچ ڈرا ہوئے۔