اسرائیل کو غزہ معاہدے پر عمل درآمد کا پابند بنائیں،حماس کا ٹرمپ سے مطالبہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 14:32

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ ختم کرنے کے ایک معاہدے تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ ایک مجوزہ منصوبے پر ہونے والی بات چیت کے بعد کیا گیا۔تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں طے پایا۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق جنگ ختم کی جائے گی، اسرائیلی افواج غزہ سے چلی جائیں گی، امدادی سامان کو علاقے میں داخل ہونے دیا جائے گا اور حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔بیان میں حماس نے ٹرمپ، معاہدے کے ضامن ممالک اور مختلف عرب، اسلامی اور بین الاقوامی فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو اس معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کا پابند بنائیں۔ تنظیم نے زور دیا کہ اسرائیلی حکومت کو طے شدہ امور سے انکار یا تاخیر کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔حماس نے قطر، مصر اور ترکیہ کی بطور ثالٹ کی کوششوں کو سراہا اور ٹرمپ کی ان کوششوں کی بھی تعریف کی جو جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے کی جا رہی ہیں۔