غزہ میں معاہدے کے مطابق جنگ بندی ، کسی بھی آپریشنل پیش رفت کے لیے تیار ہیں، اسرائیلی فوج

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:41

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) اسرائیلی نیوز ویب سائٹ نے غزہ میں معاہدے کے مطابق جنگ بندی کی تصدیق کر دی ہے اور اسرائیلی مسلح افواج نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ تاس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کی مسلح افواج نے معاہدے کے ایک حصے کے طور پر تیاریاں شروع کر دی ہیں جن میں جلد ہی ایڈجسٹڈ تعیناتی لائنوں پر منتقلی کی تیاریاں اور ایک جنگی پروٹوکول شامل ہے ۔

اسرائیلی مسلح افواج کی طرف سے جاری بیان میں مزید کہا کہ اسرائیلی فوجی علاقے میں بدستور تعینات ہیں اور کسی بھی آپریشنل پیش رفت کے لیے تیار ہیں۔ قبل ازیں جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیلی اور فلسطینی مذاکرات کاروں نے مصر میں مذاکرات کے بعد ان کے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

(جاری ہے)

29 ستمبر کو وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کا 20 نکاتی امن منصوبہ جاری کیا تھا ۔ اسرائیل نے اس اقدام کے پہلے مرحلے پر رضامندی ظاہر کی تھی جبکہ فلسطینی فریق نے تمام زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے اور مرجانے والوں کی لاشیں حوالے کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی ۔ اسرائیل کی معروف نیوز ویب سائٹ Ynetکے مطابق فریقین کے درمیان جنگ بندی عمل میں آ گئی ہے۔