پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی پیپلز پارٹی کو اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کی دعوت

سیلاب متاثرین کے نقصانات کی لسٹیں پٹواریوں سے بنوائی جارہی ہیں ، سیاسی لسٹیں ہیں‘معین قریشی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف معین ریاض قریشی نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں،سیلاب متاثرین کے نقصانات کی لسٹیں پٹواریوں کے ذریعے بنوائی جارہی ہیں ، یہ لسٹیں سیاسی ہیں ۔ پنجاب اسمبلی کے میڈیا ہال میں گفتگو کرتے ہوئے معین قریشی نے کہا کہ انہوں نے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ،فارم 47پر اراکین اسمبلی کو کامیاب کرایا ،فارم 47کے بل بوتے پر جعلی حکومت بنائی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، انہوںنے ہمارے اراکین اسمبلی کو جھوٹے مقدمات میں نااہل کرایا ،تین اراکین اسمبلی کو تین ماہ سے معطل کر رکھا ہے ،ہمارے ساتھ زیادتی کرتے کرتے ہمیں دیوار کے ساتھ لگا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہم نے گندم سکینڈل پر بھرپور آئینہ دکھایا،چینی سکینڈل پر بھی ہم نے آواز اٹھائی،سیلاب پر ہم نے تجاویز دیں لیکن انہیں کسی خاطر میں نہیں لایا گیا ،سیلاب متاثرین کے ازالے کی لسٹیں پٹواریوں کے ذریعے بنائی جا رہی ہیں ،یہ سیاسی لسٹیں ہیں۔

کسانوں کے جانور بہہ گئے ہیں ،یہ اپنے سیاسی لوگوں کو نواز رہے ہیں،ہم نے اسمبلی میں اس پر آواز اٹھائی ہے۔ قائد حزب اختلاف معین قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دعوت دیتا ہوں ہمارے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھے ،پیپلز پارٹی نورا کشتی کا حصہ نہیں تو ہمارے ساتھ بیٹھے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا تو قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہو جائیں گے ، جیسے حکم ملا استعفے دے کر مراعات واقپس بھیج دیں گے۔