الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کابلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اجلاس 15اکتوبرکوطلب

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:10

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ اجلاس 15اکتوبر 2025 بروز بدھ، صبح 11بجے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ گلگت بلتستان میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کریں گے۔اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز /کنوینئرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز /ممبران، اور اسسٹنٹ کمشنرز ہیڈ کوارٹرز /ممبران شرکت کریں گے۔

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق، پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (PBS)اسلام آباد نے اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ مجوزہ بلاک کوڈز کی تفریق (Bifurcation)سے متعلقہ فہرستوں میں بعض مقامات پر محلوں اور دیہات کے ناموں کی تفصیلی معلومات شامل نہیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

ان معلومات کی فراہمی بلاک کوڈز کی حتمی منظوری کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے ناگزیر قرار دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے تمام اضلاع کے متعلقہ حلقہ بندی ممبران و افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اجلاس میں اپنی مکمل مصدقہ اور تازہ ترین معلومات بمعہ تمام محلوں اور دیہات کے ناموں کے ساتھ شرکت کو یقینی بنائیں، تاکہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس اسلام آباد کو بروقت اور درست ڈیٹا فراہم کیا جا سکے۔ مزید برآں، ترجمان الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق، کمیشن اس وقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے نہایت اہم اور مصروف مرحلے سے گزر رہا ہے۔

انتخابی فہرستوں کی تصدیق، مردم شماری بلاک کوڈز کی درستی، حلقہ بندیوں کی تیاری اور دیگر انتظامی امور تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات گلگت بلتستان کے جمہوری اور ترقیاتی نظام میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، جن کے ذریعے عوام کو نچلی سطح پر فیصلہ سازی اور مقامی ترقی میں براہِ راست شمولیت کا موقع میسر آئے گا۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان پرعزم ہے کہ یہ انتخابات شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق منعقد کیے جائیں گے ۔