سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کا خصوصی وفد لاہور پہنچ گیا،وزیراعلی مریم نوازنے پرتپاک خیرمقدم کیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کا خصوصی وفد جمعہ کی شام لاہور پہنچ گیا، ایئرپورٹ پر وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ترجمان ایوان وزیر اعلی کے مطابق اس موقع پروزیراعلی سے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت پاک سعودی بزنس فورم کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد بن سعاد آل سعود نے کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی نے خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے عقیدت و احترام کا اظہار کیا۔وزیراعلی نے سعودی سفیر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے گھریلو سامان فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات اخوت، بھائی چارے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں۔