ضیاءالدین یونیورسٹی کی جانب سے ''میڈ ان کراچی - میڈیکل ڈیوائسز'' کے موضوع پر سیمینار،وفاقی وزیرسید مصطفیٰ کمال کا پاکستان کے میڈیکل ڈیوائس سیکٹر کو فروغ دینے کی ضرورت پرزور

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:44

ضیاءالدین یونیورسٹی کی جانب سے ''میڈ ان کراچی - میڈیکل ڈیوائسز'' کے موضوع ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کراچی کے تعاون سے ضیاء الدین یونیورسٹی کی فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز کی جانب سے ''میڈ ان کراچی - میڈیکل ڈیوائسز'' کی موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرینِ صنعت، تعلیمی اداروں، ریگولیٹری اداروں اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز نے بھرپورشرکت کی۔

ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جو بھی چیز کراچی میں بنتی ہے وہ میرے دل کے قریب ہے، کیونکہ یہ شہر پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور ہماری انڈسٹری کی پہچان ہے۔سیمینار کا مقصد پاکستان کے میڈیکل ڈیوائس سیکٹر کو آگے بڑھانے، جدت طرازی اور بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنے والی مقامی طور پر تیار کی جانے والی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں کراچی میں مقیم مینوفیکچررز کے اہم کردار پر زور دینا اور اسے فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیکل ڈیوائسز اور تمام ادویات ڈریپ کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں، اب ادارے کے تمام معاملات کو شفاف، تیز اور آن لائن نظام کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے۔ پہلے جہاں میڈیکل ڈیوائس رجسٹریشن میں سالوں لگتے تھے، اب وہی کام بیس دنوں میں مکمل ہو جاتا ہے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اگلے پانچ سالوں میں تیس بلین ڈالرز کی ایکسپورٹ کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان میں میڈیکل ڈیوائس انڈسٹری کے فروغ سے نہ صرف مریضوں کو سستی اور معیاری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔اگر ہماری میڈیکل انڈسٹری ترقی کرے تو پاکستان بھی ترقی کرے گا۔ یہ وقت ہے کہ ہم اپنے کمفرٹ زون سے نکل کر عالمی معیار کے مطابق کام کریں۔ وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے کامیاب سیمینار کے انعقاد پر ضیا الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ایک سنہری موقع ہے کہ ہم اپنی ترقی، شفافیت اور خود انحصاری کی نئی بنیاد رکھیں۔

اس موقع پر ضیاء الدین یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عباس ظفر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا میڈیکل مینوفیکچرنگ حب بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، بشرطیکہ اکیڈمیہ، صنعت، اور ریگولیٹری ادارے مل کر کام کریں۔ پاکستان میں میڈیکل ڈیوائسز کی مقامی تیاری ملکی خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ضیاء الدین یونیورسٹی فیکلٹی آف فارماسیوٹیکل سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر مرزا تصور بیگ نے کہا کہ یہ سمینار میڈیکل ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کے فروغ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔