ای کامرس ، غیر ملکی خریداروں سے روابط کو صنعت کی پالیسی اصلاحات کا مستقل حصہ بنایا جائے‘ سی ٹی آئی

برآمدکنندگان ڈیجیٹل اقدامات کے ذریعے آن لائن فروخت کی حکمت عملی بنائیں‘ چیئر پرسن اعجاز الرحمان

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ مینو فیکچررز اوربرآمد کنندگا نڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے بغیر کسی رکاوٹ کے براہ راست عالمی خریداروں سے روابط قائم کر سکتے ہیں ، د نیا میں بدلتے رجحانات کے تناظر میں ای کامرس اور غیر ملکی خریداروں سے مضبوط روابط کو پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی پالیسی اصلاحات کا مستقل حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ عالمی مارکیٹوں تک رسائی ممکن ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ای کامرس کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ہاتھ سے بنے قالینوں کے مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویں عالمی نمائش میں اعجاز الرحمان کے بطور چیف آرگنائزر بہترین کردار کو سراہا۔ چیئر پرسن سی ٹی آئی اعجاز الرحمان نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں سوشل میڈیا کی حکمت عملی تیار کرنااور ای کامرس پلیٹ فارمز کو بہتر بنانا ایسے اقدامات ہیں جو مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات آن لائن فروخت کرنے کے بنیادی مسئلے کا حل فراہم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے شرکا ء کو آگاہ کیا کہ دنیا بھر میں کئی ورچوئل مارکیٹ پلیسز موجود ہیں جہاں پاکستانی قالین برآمدکنندگان اپنے اکائونٹس بنا کر یا متعلقہ پروگرامز میں رجسٹر ہو کر مصنوعات فروخت کر سکتے ہیں۔ ان میں ای بے ،کریگ لسٹ،ایٹسِی،ایمیزون گلوبل ،فیس بک مارکیٹ پلیس ،مرکاری اور فائیو مائلزجیسے مشہور پلیٹ فارمز شامل ہیں۔اس کے علاوہ انسٹاگرام،واٹس ایپ اور یو ٹیوب جیسے پلیٹ فارمز پر بھی مصنوعات کی موثر تشہیر ممکن ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آن لائن فروخت کرتے وقت مصنوعات کی تمام تفصیلات اور قیمت واضح اور درست ہونی چاہیے کیونکہ خریدار عموماً انہی معلومات کی بنیاد پر خریداری کا فیصلہ کرتے ہیں۔چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجازالرحمان نے مزید کہا کہ آج کے دور میں اپنی آن لائن دکان بنانا نہایت آسان ہے، اس مقصد کے لیے وِکس ، اسکوائر اسپیس اورزائرو جیسے جدید ویب سائٹ بلڈرز دستیاب ہیں جن میں اے آئی ہیٹ میپ جیسی سہولتیں شامل ہیں جو انتہائی مناسب قیمت میں دستیاب میں ہیں۔

اعجاز الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کے مینو فیکچررز اوربرآمدکنندگان کو اپنے کاروبار میں ان ڈیجیٹل اقدامات کو شامل کرتے ہوئے آن لائن فروخت کے منصوبے تیار کرنے چاہئیں تاکہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں اضافہ ہو سکے ۔