بروقت درست طبی امداد زندگی بچانے کا سب سے موثر ہتھیار ہے، چیف فائر آفیسر

سول ڈیفنس فرسٹ ایڈ ٹریننگ کورس کی تقریبِ تقسیمِ اسناد میں محمدہمایوں خان بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت

اتوار 12 اکتوبر 2025 13:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) کسی بھی حادثے یا سانحے کی صورت میں بروقت فراہم کی جانے والی ابتدائی طبی امداد قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلدیہ عظمی کراچی کے چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں خان نے فیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ اسکول کراچی میں سول ڈیفنس فرسٹ ایڈ ٹریننگ کورس نمبر 3 کی تقریبِ تقسیمِ اسناد سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا۔

چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ "آج سے پینتیس برس قبل میں نے بھی اسی ادارے اسی مقام سے تربیت حاصل کی، جس کی بدولت آج اس منصب پر فائز ہوں۔" انہوں نے کہا کہ کمانڈنٹ سول ڈیفنس محبوب علی شیخ، انسٹرکٹر محمد عارف، انسٹرکٹر محمد فیصل ندیم اور ادارے کی پوری ٹیم قابلِ تحسین ہے جو عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مفت تربیت فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کامیاب امیدواروں کو بھی دلی مبارکباد پیش کی۔تقریب کے اختتام پر کمانڈنٹ سول ڈیفنس محبوب علی شیخ نے چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں خان کو سول ڈیفنس بیج پہنایا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر انچارج انسٹرکٹر محمد عارف نے کورس رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 29 ستمبر تا 10 اکتوبر 2025 منعقدہ سول ڈیفنس فرسٹ ایڈ کورس میں شرکا کو عملی اور تحریری تربیت فراہم کی گئی، جس میں ابتدائی طبی امداد کے تمام اہم مراحل شامل تھے۔ کورس میں پاکستان نیوی، سندھ پولیس، بلدیہ عظمی کراچی اور دیگر محکموں کے اہلکاروں سمیت نجی امیدواروں نے بھی شرکت کی۔ مجموعی طور پر 47 امیدواروں نے یہ کورس کامیابی سے مکمل کیا۔