Live Updates

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں پر شکر گزار ہیں،عزیر احمد غزالی

پاکستان حقیقی معنوں میں امتِ مسلمہ کا دفاعی حصار بن چُکا ہے۔ حرمین الشریفین کی نگہبانی کی زمہ داری پاکستان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے

اتوار 12 اکتوبر 2025 14:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام آزادی کیلئے بھارت کیخلاف مزاحمت کررہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں پر شکر گزار ہیں۔ میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں عزیر احمد غزالی نے کہا کہ پاکستان حقیقی معنوں میں امتِ مسلمہ کا دفاعی حصار بن چُکا ہے۔

حرمین الشریفین کی نگہبانی کی زمہ داری پاکستان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اسلامی جمہوریہ پاکستان کو بھارتی ظلم و جبر سے نجات دہندہ تصور کرتے ہیں، اسی لیے کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کے استصواب رائے کے جائز اور مبنی بر حق مطالبے کی ہمیشہ تائید و حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

عزیر غزالی نے کہا کہ > ''اگر حق و باطل کی جنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان چھڑ گئی تو جموں کشمیر کے عوام پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور بھارت کے خلاف آزادی کیلئے فیصلہ کن معرکہ لڑیں گے۔

''انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام ہر حال میں پاکستانی قوم اور اس کی افواج کے ساتھ ثابت قدم رہیں گے۔چیئرمین پاسبانِ حریت نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور پائیدار حل کے لیے مخلصانہ اور مؤثر کوششیں کی ہیں، جن کے ذریعے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر مسلسل اجاگر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو یہ یقین ہیکہ پاکستان ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی آواز اور ان کی امیدوں و امنگوں کی ترجمانی کرتا رہے گا۔ غزالی نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار کو پوری امت مسلمہ میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ فلسطین پر حکومت پاکستان کا سفارتی مؤقف بین الاقوامی سطح پر وسیع پیمانے پر تسلیم کیا گیا ہے۔

عزیر احمد نے شہید برہان وانی سمیت تمام کشمیری شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری قوم اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں، اور یہ جدوجہد آزادی حاصل ہونے تک جاری رہے گی۔چیئرمین پاسبانِ حریت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرے، بھارت کے مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، پُرامن اور پائیدار حل کے لیے فعال کردار ادا کرے۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات