پاکستان کی سرحدی سلامتی پر کوئی سمجھوتا ممکن نہیں، قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے،رانا مشہود

پاک فوج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند قیادت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ، چیئر مین وزیراعظم یوتھ پروگرام کا بیان

اتوار 12 اکتوبر 2025 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے افغانستان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحدی سلامتی پر کوئی سمجھوتا ممکن نہیں، قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے،پاک فوج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند قیادت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

اتوار کوجاری بیان کے مطابق رانا مشہود احمد خان نے پاک فوج کی مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی پر اسے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع میں مصروف جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،ہمیں اپنی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وطن سے محبت پر فخر ہے،پاکستان کے دفاعی اداروں نے ہمیشہ دشمن کو اس کی حرکتوں کا مؤثر جواب دیا ہے۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمدخاں نے کہا کہ پاکستان نے بارہا افغانستان کو متنبہ کیا کہ اس کی سرزمین دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں استعمال نہ ہو۔رانامشہوداحمدخاں نے کہا کہ افغانستان میں موجود فتنہ انگیز عناصر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پاکستان امید رکھتا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائے گی۔