پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،وزیراعلیٰ بلوچستان

اتوار 12 اکتوبر 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فتنہ الخوارج اور سرحد پار سے دشمن عناصر کے خلاف پاک افواج کی کامیاب کارروائیوں پر مکمل اطمینان اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلی نے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے جوان ہماری بہادری، غیرت اور عزم کی حقیقی علامت ہیں،ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے دہشتگردعناصر کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کوسختی سے ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر قیمت پر ملکی خودمختاری اور قومی وقار کا دفاع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر دفاعِ وطن کے معاملے میں کسی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

وزیر اعلی نے کہا کہ پاک فوج کی موثر اور بروقت کارروائیوں نے دشمن کے مراکز، تربیتی کیمپوں اور دہشت گرد نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا ہے، جو مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزمِ مصمم کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کی اشتعال انگیزی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے سرحدی محاذ پر دشمن کو عبرتناک انجام سے دوچار کرکے واضح پیغام دیا ہے کہ ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

وزیر اعلی بلوچستان نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں پر ناز کرتی ہے اور ان کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام اور بہادر افواج دشمن کے عزائم کو ہمیشہ ناکام بناتے رہیں گے۔