کراچی کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم، سترہ سالہ سندھ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان

پیر 13 اکتوبر 2025 19:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریکِ انصاف کراچی کے رہنما و معروف قانوندان ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہیں، سڑکیں ٹوٹی ہوئی، نکاسیِ آب کا نظام ناکارہ، پینے کے صاف پانی کی شدید قلت اور بڑھتی ہوئی ٹریفک و کچرے کے ڈھیر عوامی صحت کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سترہ سال میں کراچی کے مسائل حل کرنے کے بجائے صرف نمائشی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ جو کرپشن کے نذر ہوگئے جن کا کوئی فائدہ عوام کو نہیں پہنچا۔ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے زیرِانتظام بلدیاتی نظام محض ایک سیاسی ڈھانچہ بن کر رہ گیا ہے جس میں عوامی مفاد کے فیصلے کرنے کی گنجائش باقی نہیں رہی۔

(جاری ہے)

کراچی ملک کا معاشی حب ہے، مگر افسوس کہ اس کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومت شہر سے حاصل ہونے والے ٹیکس، ریونیو اور صنعتی پیداوار کے بدلے کچھ بھی واپس نہیں کر رہی 10 برسوں میں کراچی کو ملنے والی 3360 ارب کی رقم سے بھی کراچی کو محروم رکھا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ اور صفائی کے بحران سے دوچار ہیں۔

شہر میں ہر سال اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے جاتے ہیں مگر کرپشن، کمیشن اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث مسائل جوں کے توں ہیں۔ عوام کے پیسے سے بنی سڑکیں چند ماہ میں اکھڑ جاتی ہیں، سیوریج کا پانی گلیوں میں بہتا رہتا ہے، اور کچرا اٹھانے کے دعوے صرف میڈیا تک محدود ہیں۔ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے زور دیا کہ کراچی کے عوام کی فلاح کے لیے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی، بااختیار بلدیاتی ادارے، شفاف فنڈز کا نظام، اور مقامی نمائندوں کو فیصلہ سازی کا حق دیا جانا ضروری ہے۔

چوری شدہ مینڈیٹ سے آئے ہوئے میئر نے کراچی کا برا حال کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی عوامی نمائندگی کا حقیقی پلیٹ فارم ہے جو شہر کے ہر طبقے کے مسائل حل کرنے کا عزم رکھتی ہے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ کراچی کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے صوبائی و شہری حکومتوں کے فنڈز اور کارکردگی کی عدالتی نگرانی کی جائے تاکہ کرپشن اور نااہلی کے خلاف شفاف کارروائی ممکن ہو۔ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا دیرپا حل صرف انصاف، شفافیت اور عوامی بلدیاتی نمائندوں میں ہے۔ اگر وسائل ایمانداری سے استعمال ہوں تو چند سال میں کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنایا جا سکتا ہے۔