وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا امریکہ کے ساتھ ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات پر اظہار اطمینان

منگل 14 اکتوبر 2025 01:20

واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکہ کے ساتھ ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، یہ معاہدہ پاکستان کی برآمدات کے فروغ، دوطرفہ تجارت میں توازن، اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان کی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انہوں نے اس امر کا اظہار پیر کو واشنگٹن ڈی سی میں امریکی محکمۂ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری برائے بین الاقوامی مالیات مسٹر رابرٹ کیپ روتھ اور مشیر جوناتھن گرین اسٹیئن سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیرِ خزانہ ان دنوں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی مضبوط معاشی بنیادوں پر روشنی ڈالی اور امریکی حکام کو پاکستان میں ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن سے متعلق قانون سازی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔بعد ازاں وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے یو ایس۔

پاکستان بزنس کونسل کے رہنماؤں اور ارکان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء کو پاکستان کے معاشی اشاریوں میں ہونے والی بہتری سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی میں نجی شعبے کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے امریکہ کے ساتھ ہونے والے تجارتی معاہدے کو اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ سرکاری و نجی سطح پر روابط کے فروغ کے خواہاں ہیں، بالخصوص معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور دواسازی کے شعبوں میں۔ سیشن کے اختتام پر انہوں نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے اور یقین دلایا کہ ان کے جائز خدشات کو حل کیا جائے گا۔دریں اثنا وزیرِ خزانہ نے سٹی بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے ساتھ بینک کے طویل شراکت دارانہ تعلقات کو سراہا اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی توثیق کے ساتھ جاری اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی مستحکم معاشی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ وزیرِ خزانہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل اختراع اور مالیاتی خدمات کا ابھرتا ہوا مرکز بن رہا ہے، اور حکومت بینک کی تجاویز پر غور کرے گی۔

وزیرِ خزانہ نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے ریجنل نائب صدر مسٹر ریکارڈو پولیتی سے ملاقات سے کیا۔ وزیرِ خزانہ نے اس موقع پر پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں پر بات کی اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے آئی ایف سی کے کردار کو سراہا، خصوصاً 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر۔ دونوں فریقین نے ریکوڈک منصوبے کے مالیاتی امور جلد طے کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیرِ خزانہ نے اسلام آباد میں آئی ایف سی کے نئے علاقائی دفتر کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا۔وزیرِ خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کے لیے بینک کی طویل مدتی امداد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور جاری منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرِ خزانہ نے ایم۔6 موٹر وے کے دو حصوں کے لیے فنانسنگ کی منظوری پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور پولیو کے خاتمے اور تیل فنانسنگ سہولت کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان کے لیے نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک (CEF) کی تیاری پر اتفاق کیا۔