Live Updates

افغان جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے،سردار عتیق احمد خان

منگل 14 اکتوبر 2025 15:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے،جس کا منہ توڑ جواب دینا قومی وقار اور دفاعی ذمہ داری ہے۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کی اشتعال انگیزی کا دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور فوجی افسران اور جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی اور فائرنگ کے واقعات ناقابلِ برداشت ہیں، اور پاکستان اپنے دفاع کے لیے کسی بھی جارح قوت کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سپہ سالار جنرل سید عاصم منیرکی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین اور پیشہ ور ترین فوجوں میں شمار ہوتی ہیں، جو ہر جارح قوت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ بھائی چارے، ہمدردی اور امن کے فروغ کی پالیسی اپنائی۔

پاکستان نے چالیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کو اپنے ملک میں پناہ دی، ان کی خدمت کی، اور ہر مشکل گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑا رہا، جسے دنیا بھر نے سراہا۔تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ افغانستان کی جانب سے حالیہ بلا اشتعال جارحیت دوستی، ہمسائیگی اور برادرانہ تعلقات کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے صبر کو کمزوری سمجھنا کسی کی سب سے بڑی بھول ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، مگر پاکستان ایک پُرامن، مستحکم اور ترقی یافتہ افغانستان کا خواہاں ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن، بھائی چارے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔سردار عتیق احمد خان نے افغان جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں ملکی سلامتی، خودمختاری اور امن کے قیام کے لیے سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔

انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اللّٰہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہیں۔’’ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور سرحدی جارحیت کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، اور قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیواربن کر کھڑی ہیسردار عتیق احمد خان نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے عزم، حوصلے اور قربانیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں، اور پاکستان ہمیشہ اپنے دفاع، وقار اور امن کے قیام کے لیے متحد رہے گا۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات