ایکسپو 2025 اوساکا، کانسائی، جاپان میں اختتام پذیر ہوگئی

منگل 14 اکتوبر 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) ایکسپو 2025 اوساکا، کانسائی، جاپان میں اختتام پذیر ہوگئی،چھ ماہ تک جاری رہنے والے ایکسپو میں پاکستان کی شاندار شراکت کو سراہا گیا۔یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ایکسپو 2025 کے سیکشن کمشنر جنرل/پاکستان کے نامزد سفیر برائے جاپان عبد الحمید، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایکسپو 2025/سینئر ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان محمد نصیر اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر مدیحہ علی نے اختتامی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

ایکسپو 2025 اوساکا،جس کا موضوع "ہماری زندگیوں کے لیے مستقبل کے معاشرے کا ڈیزائن" تھا،اس میں 158 ممالک نے اپنی اختراعات، ثقافتی ورثے، اور مستقبل کے وژن پیش کیے۔نور جہاں بلگرامی کی زیرِ نگرانی پاکستان پویلین نے 1.8 ملین سے زائد وزیٹرز کو خوش آمدید کہا، جو کسی بھی عالمی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کی سب سے زیادہ شرکت کا ریکارڈ قائم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ایکسپو ہال "شائننگ ہیٹ" میں منعقد ہونے والی اختتامی تقریب سے شہزادہ اکی شینو، وزیراعظم ایشیبا شیگیرو، اوساکا کے گورنر ہیروفومی یوشیمورا، اور جاپان ایسوسی ایشن فار دی 2025 ورلڈ ایکسپوزیشن کے سیکریٹری جنرل ایشیگے ہیرویوکی نے خطاب کیا۔ وزیراعظم ایشیبا نے اعلان کیا کہ ایکسپو 2025 نے 28 ملین سے زائد وزیٹرز کو راغب کیا۔ تقریب کا اختتام عالمی ایکسپو 2030 ریاض کے میزبان شہر کو بی آئی ای پرچم کی علامتی منتقلی کے ساتھ ہوا۔

پاکستان پویلین میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے جیتے گئے دو باوقار ایوارڈز کا جشن منایا گیا۔ سیکشن کمشنر جنرل نے پاکستان پویلین کے منتظمین، رضاکاروں اور عملے کو ان کی لگن کے اعتراف میں تحسینی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔پاکستان کی شرکت نے قوم کے ثقافتی تنوع، معدنی وسائل، اختراعی جذبے، اور بین الاقوامی تجارت کے امکانات کو کامیابی سے اجاگر کیا،جس نے عالمی سامعین پر دیرپا اثرات چھوڑے اور پائیدار مستقبل کے معاشروں پر بحث کو تشکیل دینے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو تقویت دی۔