Live Updates

خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے بغیر ممکن نہیں‘ مریم نوازشریف

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:30

خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے بغیر ممکن نہیں‘ مریم نوازشریف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں، ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔دیہی خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین کے حقوق کا دن منانے کا مقصد دیہاتی خواتین کی محنت اور کاوشوں کا اعتراف کرنا ہے، دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں، دیہی خواتین کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی ہے، گھر آباد ہوتے ہیں اور معیشت مستحکم ہوتی ہے، دیہی عورت محض ایک محنت کش نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں کہ دیہی خواتین صرف فارمر نہ رہیں بلکہ خود فیصلہ ساز اور معاشی قوت بنیں، ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دیہی خواتین کیلئے نئے مواقع، آسان سہولیات، ہنر مندی کے پروگرام لانچ کئے ہیں، دیہی خواتین کسان کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ، ہمت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہیں، دیہی خواتین کیلئے تمام بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔کاروبار کے لئے بلاسود قرضے، لیپ ٹاپ اور تعلیمی سکالرشپ سے دیہی بیٹیوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی آ رہی ہے۔مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ دیہی خواتین کو ترقی کے دور میں شریک کرنے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں، دیہی خواتین کے خود روزگارکیلئے مویشی مہیا کئے جا رہے ہیں، ورچوئل پولیس سٹیشن ہر طبقہ کی خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات