صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود کا آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے سینئر پارٹی رہنما و سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم ایک بااصول، باکردار اور نظریاتی سیاستدان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی جمہوریت کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

انہوں نے عوام کی بے لوث خدمت کی اور پارٹی کے وفادار سپاہی کی حیثیت سے ہر مشکل وقت میں قیادت کا ساتھ نبھایا۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ آغا سراج درانی کی سیاسی بصیرت، پارلیمانی تجربہ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی انتھک جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کی وفات پاکستان پیپلز پارٹی اور ملک کی سیاست کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔