وزیرِ اعظم شہباز شریف کی بلاول بھٹو کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے جس کے ساتھ تعلقات کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، شہباز شریف

جمعرات 16 اکتوبر 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کا وفد وزیرِ اعظم ہائوس اسلام آباد پہنچا، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو اور وفد کا خیرمقدم کیا۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں نیر بخاری، راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن، شیری رحمٰن اور علی قاسم گیلانی شامل تھے۔ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا تنویر، عطاء اللّٰہ تارڑ، رانا مبشر اقبال، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللّٰہ اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومتِ پنجاب سے متعلق تحفظات وزیرِ اعظم کے سامنے رکھے۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے بلاول بھٹو کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان چپقلش کی وجہ بننے والے معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے پر اتفاق ہو گیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے جس کے ساتھ تعلقات کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وفد نے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے کردار پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔