شہید ملت لیاقت علی خان کی خدمات، قربانیاں اور قومی فکر ہمیشہ اہلِ وطن کیلئے مشعلِ راہ رہیں گی، گورنر سندھ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم،شہید ملت لیاقت علی خان کے 74ویں یومِ شہادت پر اپنے خصوصی پیغام میں شہید ملت لیاقت علی خان کو ان کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ شہید ملت لیاقت علی خان کی خدمات، قربانیاں اور قومی فکر ہمیشہ اہلِ وطن کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان کا یومِ شہادت قومی تاریخ میں عظیم قربانی اور عزم و استقلال کی درخشاں مثال ہے،شہیدملت نے وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جان نثار کر کے لازوال حب الوطنی اور وفا کی تاریخ رقم کی۔شہید ملت لیاقت علی خان کے نظریات، وژن اور افکار پر عمل پیرا ہو کر وطنِ عزیز کو ایک ممتاز مقام دلایا جا سکتا ہے۔