منعم ظفر کو بھی حافظ نعیم کی طرح ہروقت رونے کی بیماری لگ گئی ہے، کرم اللہ وقاصی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) کے ایم سی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر و ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے گزری مچھی پاڑہ اور اطراف کی گلیوں میں کے ایم سی کی جانب سے جاری کردہ پیور بلاک واہ دیگر کاموں کا جائزہ لینے کے دوران شہریوں و میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کے حالیہ الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ منعم ظفر نے حافظ نعیم کا رونا دھونا سنبھالنے کے بجائے شہر کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہوتا تو آج کراچی کے حالات مختلف ہوتے۔

کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ جماعت اسلامی کو کراچی کے مسائل پر بات کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، کیونکہ یہ وہی جماعت ہے جو ہر دور میں تنقید کے سہارے سیاست کرتی آئی ہے مگر عملی کارکردگی کے میدان میں صفر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنما اب حافظ نعیم کے ترجمان بنے پھر رہے ہیں، ان کی واحد سیاست ٹی وی کیمروں کے سامنے بیانات دینے اور سوشل میڈیا پر مظلومیت کا ڈرامہ کرنے تک محدود ہے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے واضح کیا کہ کراچی میں جو بھی ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں، وہ بلاول بھٹو زرداری اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے وژن کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے بلا تفریق عوامی خدمت کو اپنا منشور بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی والوں کو کراچی کی سڑکوں، پانی یا صفائی کے مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہانے سے پہلے اپنے زیرِانتظام علاقوں کی حالت دیکھنی چاہیے۔

جہاں جماعت اسلامی کے چیئرمین بیٹھے ہیں، وہاں کے نالے بند ہیں، گلیاں کچرے سے بھری ہیں، اور عوام بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں۔ کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی اور بلدیاتی قیادت نے عملی اقدامات کے ذریعے خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ ہم احتجاج نہیں کرتے، خدمت کرتے ہیں۔ ہم بینرز نہیں لگاتے، سڑکیں بناتے ہیں۔ ہم الزام نہیں لگاتے، عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پیپلزپارٹی کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا شہر ہے، اور پارٹی قیادت اس شہر کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔کرم اللہ وقاصی نے منعم ظفر کو مشورہ دیا کہ اگر واقعی جماعت اسلامی کو عوام کی فکر ہے تو وہ سیاست برائے تنقید چھوڑ کر عملی خدمت کا راستہ اپنائے۔ حافظ نعیم کے آنسو پونچھنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، ان کے حل کے لیے سڑکوں، نکاسیِ آب، اور صفائی کے نظام میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی جانب سے کراچی کے مختلف اضلاع میں 106 شاہراہوں کی بحالی، نالوں کی تعمیر، اور سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام جاری ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی حکومت زبانی نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔کرم اللہ وقاصی نے آخر میں کہا کہ کراچی کے عوام نے دیکھ لیا ہے کہ کون خدمت کر رہا ہے اور کون سیاست کے نام پر شور مچا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کا وژن ترقی، شفافیت اور عوامی فلاح ہے، جب کہ جماعت اسلامی کا منشور صرف الزام تراشی اور دکھاوے کی سیاست ہے۔