Live Updates

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سیکیورٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا افسوسناک ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:12

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سیکیورٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا افسوسناک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے تحریک لبیک پاکستان کی ہڑتال کی کال کو یکسر مسترد کر دیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا افسوسناک ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جارحیت کے تناظر میں ہونے والے ملکی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزرائے اعلیٰ میں سے سہیل آفریدی موجود نہیں تھے، ان کی نمائندگی مزمل اسلم نے کی اور اپنا ان پٴْٹ بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ مگر جب صوبے کی سیکیورٹی اور عوام کے تحفظ کی بات ا?تی ہے تو اس میں ازحد ضروری ہے کہ وزیراعلیٰ خود موجود ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے حوالے سے بات ہوئی، اور مزمل اسلم نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس کے شہدا کے لواحقین کی مالی امداد کی جارہی ہے، مگر اسلام آباد میں موجود ہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے سوشل میڈیا پر تو آپ کی واہ واہ ہوجاتی ہے اور آپ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ بھی کرلیتے ہیں مگر کسی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، صرف اس صوبے کے عوام ہی متاثر ہوں گے۔

وفاق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اجلاس کے حوالے سے سیاست کھیلنا افسوسناک ہے، مگر جب صوبے کی باری آئے گی اور ملک کے لیے کچھ کرنے کی باری آئے گی تو یہ وزیراعلیٰ ہمیشہ پیچھے رہ جائیں گے، کیونکہ یہ اجلاس میں بیٹھ کر بات کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک لیبک پاکستان کی جانب سے ہڑتال کی کال تھی جسے ملک بھر کے عوام نے یکسر مسترد کردیا، مارکیٹیں کھلی ہوئی ہیں، سڑکوں پر لوگوں کا رش ہے، اور لوگ شکر ادا کررہے ہیں کہ الحمد للہ غزہ اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا، اور پاکستان نے غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ہر موقع پر اور ہر جگہ آواز اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں بہت سنجیدگی سے لیا جارہا ہے، اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت بخشی ہے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات