Live Updates

پنجاب بار کے انتخابات کی شفافیت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ‘ اشفاق کہوٹ، ذبیع اللہ ناگرہ

افغانستان کو کسی کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے ،ساری قوم افواج کی پشت پر ہے ‘وائس چیئرمین پنجاب بار، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی

اتوار 19 اکتوبر 2025 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق کہوٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیع اللہ ناگرہ نے کہا ہے کہ اپنے وعدے اور عزم کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے انعقاد میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا جس کی وجہ سے سارے پاکستان میں انتخابی عمل کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،یکم نومبر کو منعقد ہونے والے پنجاب بار کونسل کے انتخابات کو بھی صاف اور شفاف بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوںنے کہا کہ انتخابات میںشفافیت سے نظام کو پائیداری ملتی ہے ، وکلا تنظیموں کے انتخابات میں شفافیت کی وجہ سے کوئی بھی نتائج پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے لاکھوں افغان باشندوں کی دہائیوں تک میزبانی کی ہے ،افغانستان کو کسی کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے ،دیر پا امن کے لئے مذاکرات کئے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ وکلاء سمیت ساری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وقت آنے پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان نے جن کی شہ پر اشتعال انگیزی کی ساری دنیا اس سے آگاہ ہے ،انہیں موثر جواب دینا بنتا تھا جو پاک فوج نے بروقت دیا ہے ۔

Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات