خادم حرمین الشریفین کی سربراہی میں سعودی کابینہ کا اجلاس ، شام کے ساتھ تعاون کی کوششوں کو سراہا گیا

بدھ 11 فروری 2026 10:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2026ء) خادم حرمیناال شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب اور شام کے درمیان دو طرفہ تعاون کی کوششوں کو سراہا گیا۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلے میں دمشق کے حالیہ دورے کا ذکر کیا گیا جس کا مقصد ہوا بازی، مواصلات، پانی، صنعت اور تعلیم کے شعبوں میں تزویراتی منصوبوں کا آغاز کرنا ہے تاکہ شام کے بنیادی ڈھانچے اور معاشی ترقی کو بہتر بنایا جا سکے۔

کابینہ نے علاقائی صورتحال پر بھی غور کیا اور خطے کے امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مملکت کے رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری، اس کی دفعات پر عمل درآمد اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سیاسی افق کی طرف بڑھنے کے مطالبے کو دہرایا گیا۔

(جاری ہے)

کابینہ نے داعش کی شکست کے لیے عالمی اتحاد کے اجلاس کے نتائج کی حمایت کی، جس کی میزبانی سعودی عرب نے کی تھی۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات اور بین الاقوامی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو نیز ترک صدر رجب طیب اردوان اور جرمن چانسلر فرئیڈرش میرٹز کے سرکاری دورہ سعودی عرب کے دوران ہونے والے مذاکرات کے مواد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کابینہ نے ان دوروں کے دوران ترکیہ اور جرمنی کے ساتھ ہونے والے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو سراہا جو مشترکہ مفادات اور ترقیاتی ترجیحات کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔ معاشی صورتحال پر سعودی کابینہ نے’’العلا کانفرنس 2026‘‘کے پانچویں ایڈیشن کی تعریف کی، جو ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ کے اشتراک سے منعقد کی گئی تھی۔

مزید برآں سعودی عرب کی 28۔2027کے لئے’’انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنل آڈیٹرز‘‘ کی صدارت حاصل کرنے کو عالمی تنظیموں کے ساتھ تعاون اور اس شعبے میں مملکت کی قیادت کا اعتراف قرار دیا گیا۔ سعودی کابینہ نے سعودی عرب اور قطر کے درمیان تیز رفتار الیکٹرک ٹرین لنک کے معاہدے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ ایسبسٹاس پر پابندی کی نگرانی کے لئے مستقل کمیٹی کی تشکیل اور شہزادہ محمد بن سلمان عالمی مرکز برائے عربی خطاطی کے تنظیمی ڈھانچے کی بھی منظوری دی گئی۔