جمعیت علماء اسلام 14 مئی کو کراچی غربی میں جلسہ عام کا اعلان

ْ مولانا فضل الرحمن مہمان خصوصی ہوں گے ،کارکنان تیاریاں تیز کریں ،علامہ راشد محمود سومرو

پیر 13 اپریل 2026 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2026ء) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے تحت کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کے امرا اور نظما عمومی کا ایک اہم مشترکہ اجلاس جامعہ مصباح العلوم محمودیہ، منظور کالونی میں صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے خصوصی شرکت کی اور شرکا کو اجلاس کے ایجنڈے سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں کراچی ڈویژن میں موجود صوبائی مجلس عاملہ کے معزز اراکین سمیت مختلف اضلاع کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر پیر طریقت حضرت مولانا حافظ عبدالقیوم نعمانی، مولانا محمد غیاث، مولانا حماد اللہ شاہ، سمیع الحق سواتی، قاضی فخر الحسن، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا عمر صادق، مولانا نور الحق، مولانا عبدالرشید نعمانی، مفتی محمد خالد، سید اکبر شاہ ہاشمی، قاری فیض الرحمان عابد، قاری محمد اشرف مینگل، فاروق سید حسن زئی، مولانا اجمل شاہ شیرازی، مولانا خطیب شاہ، مولانا نصیر اللہ چغرزئی، مولانا محمد بلال ، نیک امان اللہ مسعود ، عزیز اللہ خان سمیت دیگر رہنماں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں جمعیت طلبہ اسلام اضلاع کے ذمہ داران راشد محمود لغاری بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں تنظیمی امور، موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ 14 مئی 2026 بروز جمعرات شام 4 بجے ضلع غربی کراچی میں ایک بڑا عوامی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن مہمانِ خصوصی ہوں گے۔اجلاس میں جییوآئی ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مذکورہ جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی اور کراچی بھر سے کارکنان کی بڑی تعداد کو شریک کیا جائے گا تاکہ عوامی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا جا سکے۔