کراچی میں لینڈ گریبرزکا راج ہے اور شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے،عوام دوست پارٹی

بلاول بھٹو بھی روایتی سیاست داں نکلے اور کراچی کے لئے ان کی آنکھیں بھی بند ہیں،شاہد آرائیں

اتوار 19 اپریل 2026 16:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2026ء) عوام دوست پارٹی کے سربراہ شاہد آرائیں نے کہا ہے کہ کراچی میں لینڈ گریبرزکا راج ہے اور شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ لیکن مئیر کراچی کی گردان سب اچھا ہے کی چل رہی ہے۔ بلاول بھٹو بھی روایتی سیاست داں نکلے اور کراچی کے لئے ان کی آنکھیں بھی بند ہیں۔ اگر کوئی کراچی کے لئے آواز اٹھائے تو دھمکیاں دی جاتی ہیں میڈیا کا گلا گھونٹا جانتا ہے۔

انکی اپنی پارٹی کے لوگ حق گوئی پر قتل کی دھمکیوں کا شکار ہیں۔ شاہد آرائیں نے یہ بات کراچی ڈویژن کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ انہون نے کہا کہ سندھ کے عوام اور ورکرز اگلے سال بلدیاتی الیکشن کی ابھی سے تیاری شروع کردیں۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے صدر آفاق احمد سہروردی، نائب صدر نورین کاشف، جنرل سیکریٹری امین یوسف زئی، اقبال خٹک، بشیر سدوزئی، رحمت آفریدی، پاکیزہ زاہد، مسرت جبیں، مرزا خالد، ارباب مستوئی، شاہد مہاجر، قبول فاطمہ اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

شاہد آرائیں نے کہا کہ کراچی میں لاواپک رہا ہے۔ ساری اکائیاں مضطرب ہیں۔ حق گوئی پر حکومتی جماعت اپنے لوگوں کو بھی نہیں بخش رہی۔ پہلے عامر بھٹو اور اسکے بعد کئی اور افراد اورنگی میں قتل کردیئے گئے اب رانا گلزار تاج کو کرپشن کے خلاف جہاد پر انکی ہی پارٹی کا عہدیدار حیدر خان قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ فیصل رضوی اور کرپٹ افسران کی سرپرستی میں پی پی پی ورکرز یہ بھی بھول گئے ہیں کہ انکو اور انکے ساتھیوں کو قتل کرنے والے آج انکے کندھے پر بندوق رکھ کر انہیں استعمال کر رہے ہیں۔

میئر کراچی نے کراچی کو گروی رکھ دیا ہے اور کراچی کو بیچ بیچ کر نوچ نوچ کر کھایا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اور پی پی پی کے میئرز اور ٹان چیئرمین سندھ بھر میں لوٹ مار میں اول اور کارکردگی میں صفر ہیں۔ عوام دوست پارٹی کرپشن کے خلاف جہاد کرنے والوں اور شہر کے خادموں کا ساتھ دے گی۔نیب کو بلدیہ کراچی اور ٹانز میں خصوصی سیل بنا دینے چاہئیں۔ کراچی لوٹو اور کھسکو مہم چل رہی ہے۔ عوام ہوشیار ہو جائیں۔ ہم بلدیاتی ایوانوں میں اب خدمت گزار افراد کو بھیجیں گے کرپشن نہ کرنے کا حلف لیں گے تاکہ شہر کی رونقیں واپس لا سکیں۔آفاق احمد سہروردی نے کہا کہ کراچی کو نظر لگ گئی اور جیالے کراچی کو کھا کھا کر کھوکھلا کر رہے ہیں ہم شہر کی تعمیر نو کریں گے۔