پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ ویپن سسٹم’’تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل‘‘ کا کامیاب تجربہ

منگل 21 اپریل 2026 23:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2026ء) پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ ویپن سسٹم’’تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو درست نشانے اور آپریشنل تیاری کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ ہے۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ ویپن سسٹم’’تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل‘‘ کی کامیاب براہ راست ویپن فائرنگ کی ہے۔

(جاری ہے)

’’ایئر لانچڈ کروز میزائل ‘‘نے غیر معمولی درستگی کے ساتھ اپنا مشن مکمل کیا جس سے پاکستان نیوی کی دشمن کے سمندری اہداف کو طویل فاصلے سے شناخت، نشانہ بنانے اور موثر طریقے سے تباہ کرنے کی جنگی صلاحیت کی تصدیق ہوئی۔پاکستان نیوی کی جانب سے یہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے جو پاکستان کی مسلح افواج کی روایتی میدان میں کثیر جہتی اور مربوط حملہ آور صلاحیت کو مزید مضبوط بناتا ہے۔پاک بحریہ ملک کے سمندری مفادات اور خودمختار پانیوں کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔\932