سندھ میں ایچ آئی وی کا پھیلا، حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، حلیم عادل شیخ

بدھ 22 اپریل 2026 22:11

سندھ میں ایچ آئی وی کا پھیلا، حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، حلیم عادل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2026ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سندھ بھر میں تیزی سے بڑھتے ہوئے ایچ آئی وی کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال صوبائی حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ سے کراچی تک ایچ آئی وی کا پھیلا خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جبکہ بچوں میں اس مرض کا پھیلا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت کے نظام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ جعلی ڈاکٹرز، غیر معیاری لیبارٹریز اور ناقص بلڈ بینکس حکومتی سرپرستی میں کام کر رہے ہیں، جبکہ ہیلتھ کیئر کمیشن صرف رشوت خوری میں مصروف ہے ہیلتھ کیئر کمیشن کا ادارہ مکمل طور پر غیر فعال ہے جو عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

صحت کا پورا نظام کرپشن اور نااہلی کی نذر ہو چکا ہے جبکہ حکومت صرف بیانات تک محدود ہے اور عملی اقدامات صفر ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ لاڑکانہ (رتوڈیرو)میں ایچ آئی وی کا بڑا اسکینڈل سامنے آ چکا ہے جہاں ہزاروں کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔ اسی طرح حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور نوابشاہ میں بھی کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم مکمل ڈیٹا عوام سے چھپایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کے اصل ذمہ داروں کو بچایا جا رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں فوری طور پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جائے اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ متاثرہ علاقوں میں مفت ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں اور صوبے بھر میں اسکریننگ کا عمل شروع کیا جائے تاکہ عوام کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکے۔