آصف علی زرداری کے خلاف منفی پروپیگنڈا مہم قابل مذمت ہے ‘ مخدوم سید احمد محمود

صدرِ مملکت اپنی آئینی مدت مکمل کرینگے ،کسی بھی دبائو کو خاطر میں نہیں لائیں گے‘ صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

جمعہ 24 اپریل 2026 16:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمودنے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈا مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہم دراصل ان عناصر کی بوکھلاہٹ کا مظہر ہے جو ملک میں جمہوری استحکام اور وفاق کی مضبوطی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر ایک منظم انداز میں صدرِ مملکت کی شخصیت کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ قومی مفاد کے بھی منافی ہے۔ ایسے عناصر بے بنیاد افواہوں اور قیاس آرائیوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مخدوم احمد محمود نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک تجربہ کار، مدبر اور دور اندیش سیاستدان ہیں جنہوں نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی اور ملک کو مشکل حالات میں سیاسی استحکام فراہم کیا۔

ان کی مفاہمتی سیاست اور سیاسی بصیرت ہی وہ عوامل ہیں جن کی بدولت جمہوری نظام کو تسلسل ملا۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی اسی نوعیت کی منفی مہمات چلائی جاتی رہی ہیں مگر ہر بار حقائق نے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا۔ صدرِ مملکت کے خلاف بیماری یا ذاتی معاملات کو بنیاد بنا کر پروپیگنڈا کرنا اخلاقی گراوٹ اور سیاسی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن میں طویل قید و بند بھی شامل ہے، مگر انہوں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کے خلاف قائم کیے گئے مقدمات عدالتوں میں ثابت نہ ہو سکے، جو ان کی بے گناہی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ صدرِ مملکت کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں، خصوصاً چین کا دورہ، پاکستان کے عالمی تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے ہمیشہ وفاق کی یکجہتی اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے تاہم منفی پروپیگنڈا اور کردار کشی کی سیاست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صدرِ مملکت اپنی آئینی مدت مکمل کریں گے اور کسی بھی دبائو کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔