حیدر آباد کنگز مین اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں پی ایس ایل ایلیمینیٹر ٹومیچ میں (کل) پنجہ آزمائی کریں گی

جمعرات 30 اپریل 2026 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا گیارہواں ایڈیشن اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔ پی ایس ایل میں (کل)جمعہ کو ایلیمینیٹرٹو میچ کھیلا جائے گا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور حیدرآباد کنگز مین کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم ،لاہورمیں پنجہ آزمائی کریں گی ۔ میچ رات 7بجے شروع ہو گا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی )کے زیر اہتمام پی ایس ایل کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ قذافی کرکٹ سٹیڈیم لاہور میں کل (جمعہ کو )ایلیمینیٹر ٹو میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اورحیدرآباد کنگز مین کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت پہلے مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی تھی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، اس ٹیم میں ڈیون کونوے ، سمیر منہاس، محسن ریاض، مارک چیپ مین،حیدر علی، فہیم اشرف، کرس گرین،عماد وسیم، رچرڈ گلیسن اور سلمان مرزا جیسے بہترین کھلاڑی شامل ہیں ۔ حیدرآباد کنگز مین کو مایہ ناز آسٹریلوی بلے باز مارنس لبوشین لیڈ کریں گے اور انہیں معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان ، کوسل پریرا، گلین میکسویل، عرفان خان،حسن خان، حنین شاہ،محمد علی،عاکف جاوید جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔

حیدر آباد کنگز مین اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے ایلیمنیٹر میں دوسرے ایلیمنیٹر میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے احسن رضا اور شاہد سیکت آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ آصف یعقوب تھرڈ اور راشد ریاض فورتھ امپائر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ میچ ریفری کے فرائض سری لنکا کے تجربہ کار روشن مہانامہ انجام دیں گے، جنہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ہر ایڈیشن میں بطور میچ ریفری خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل میچ 3مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔