سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا،تیرہ خوارج جہنم واصل

جمعرات 30 اپریل 2026 23:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں پاک-افغان سرحد کے ساتھ دراندازی کی دو ناکام کوششوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تیرہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔جمعرات کوآئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ضلع مہمند میں خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز کو اس وقت پتہ چلا یاجب وہ پاک-افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

سکیورٹی فورسز نے اس گروہ کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔درست اور مہارت سے کی گئی کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے آٹھ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ایک اور جھڑپ میں شمالی وزیرستان کے علاقے میں پاک-افغان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ کارروائیاں ایک بار پھر اس بات کو ثابت کرتی ہیں کہ افغان طالبان حکومت اپنی جانب سرحدی نظم و نسق کو مؤثر بنانے میں ناکام رہی ہے۔ افغان طالبان حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور افغان سرزمین کو خوارج کے استعمال سے روکنا چاہیے اور اپنے شہریوں کوپاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث ہونے سے باز رکھنا چاہیے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔

علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی حمایت یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں جبکہ “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔