کراچی کو مسلسل نظر انداز کیا گیا، عوام مزید دھوکا برداشت نہیں کریں گے، شیخ صلاح الدین

جمعہ 1 مئی 2026 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) عوام پاکستان پارٹی کے صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے کہا ہے کہ کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے اور عوام اب مزید دھوکا برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کا وژن عوام کو ان کے آئینی و بنیادی حقوق کی فراہمی، قانون کی بالادستی، حقیقی جمہوریت کے استحکام اور سرکاری شاہ خرچیوں کے خاتمے پر مبنی ہے۔

اورنگی ٹاؤن میں ضلعی صدر محمد جاوید اور دیگر رہنماں کے ہمراہ نئے سیاسی ساتھیوں کی شمولیت کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ صلاح الدین نے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبے سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہ یونیورسٹی روڈ گزشتہ پانچ برس سے مکمل نہیں ہو سکی، جبکہ 18 سال سے ایک ہی سیاسی تسلسل کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ منصوبے مکمل کیوں نہیں ہوتے جبکہ اخراجات مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اس وقت پانی کی شدید قلت، خراب انفراسٹرکچر، نکاسی آب کے مسائل اور شہری بدحالی جیسے سنگین بحرانوں کا شکار ہے، خصوصا اورنگی ٹان سمیت کئی علاقے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔شیخ صلاح الدین نے سوال اٹھایا کہ اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کہاں خرچ ہو رہے ہیں اور عوام کو ان کا فائدہ کیوں نہیں پہنچ رہا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کے لیے 22 ارب روپے کے فنڈز کا اعلان کیا تھا، مگر اس کے باوجود شہری مسائل برقرار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی عوام دوست منصوبوں کی بات کی، تاہم اصل مسئلہ شفافیت اور نیت کی کمزوری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو بار بار سیاسی تجربات کی بھینٹ چڑھایا گیا اور عوام کو صرف وعدے اور دعوے دیے گئے۔شیخ صلاح الدین نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام کو ناکام منصوبوں اور کھوکھلے نعروں سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ عوام پاکستان پارٹی کراچی سمیت ملک بھر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے جلد عملی پروگرام پیش کرے گی۔