ازبکستان کے صوبہ نوائی کے گورنر کے وفد کا پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کا دورہ

پاکستان کی لیدر انڈسٹری ازبکستان کی لائیو اسٹاک مارکیٹ سے بھرپور استفادہ کر سکتی ہے،حمید ظہور

جمعہ 1 مئی 2026 19:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) ازبکستان کے صوبہ نوائی کے گورنر نورمت تورسنوف کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد نے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف کے ہمراہ پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (PTA) کا دورہ کیا۔ وفد کا پرتپاک استقبال چیئرمین پی ٹی اے سینٹرل حمید ظہور، چیئرمین پی ٹی اے ساؤتھ زون ڈاکٹر دانش امان اور ایسوسی ایشن کے دیگر اراکین نے کیا۔

اجلاس کے دوران چیئرمین پی ٹی اے سینٹرل حمید ظہور نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی لیدر انڈسٹری ازبکستان کی لائیو اسٹاک مارکیٹ سے بھرپور استفادہ کر سکتی ہے، جبکہ ازبکستان پاکستانی لیدر مصنوعات بشمول لیدر گارمنٹس، فٹ ویئر، ہینڈ بیگز اور گلوز کے لیے ایک اہم اور وسیع مارکیٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان وسطی ایشیائی ریاستوں اور روسی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک اہم گیٹ وے ہے، لہذا دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود، روابط اور سرمایہ کاری کے تبادلے کو فروغ دے کر باہمی معاشی تعاون کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر صوبہ نوائی کے گورنر نورمت تورسنوف نے اپنے خطاب میں نوائی ریجن میں موجود کاروبار دوست مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات اور پاکستان کی لیدر انڈسٹری کے لیے لائیو اسٹاک کی دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف نے بتایا کہ اس وقت لاہور اور اسلام آباد سے تاشقند کے لیے ہفتہ وار چھ پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں جبکہ 2026 میں کراچی سے تاشقند کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں شروع کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے اراکین کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ازبک سفارت خانہ اس سلسلے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین پی ٹی اے ساتھ زون ڈاکٹر دانش امان نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و صنعتی تعاون کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔