معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ اور حب الوطنی پر مبنی کردار ادا کیا ،وزیراطلاعات

پاکستانی میڈیا بتدریج ماڈرن ٹولز اور گلوبل کنیکٹویٹی سے ہم آہنگ ہو رہا ہے،عطا تارڑ کا عالمی یوم آزادی صحافت پر بیان

اتوار 3 مئی 2026 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2026ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر پاکستان میں آزاد، ذمہ دار اور متحرک میڈیا کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا روایتی میڈیا طویل عرصے سے عوامی اعتماد اور جمہوری اقدار کے مضبوط ستون کے طور پر کھڑا ہے، معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے دنیا کو توازن اور وضاحت کے ساتھ آگاہ کرنے میں ذمہ دارانہ اور حب الوطنی پر مبنی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا بتدریج ماڈرن ٹولز اور گلوبل کنیکٹویٹی سے ہم آہنگ ہو رہا ہے جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پاکستان کی حقیقی تصویر اور صلاحیت کو اجاگر کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پاکستان میں میڈیا کی آزادی، ذمہ داری اور تمام میڈیا کے روشن مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔