وفاقی وزیر تعلیم کا اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ دانش سکول کا دورہ

منگل 5 مئی 2026 21:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ دانش سکول کا تفصیلی دورہ کیا اور ادارے میں جاری تیاریوں، سہولیات اور انتظامی امور کا جامع جائزہ لیا۔ یہ دورہ متوقع افتتاحی تقریب سے قبل کیا گیا جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا تھا کہ ادارہ ہر لحاظ سے معیاری تعلیمی خدمات کی فراہمی کے لئے مکمل طور پر تیار ہو۔

اس موقع پر سکول انتظامیہ اور منصوبے سے وابستہ حکام نے وزیرِ تعلیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے انہیں منصوبے کی مجموعی پیشرفت، تعمیراتی معیار، تعلیمی و رہائشی سہولیات اور انتظامی تیاریوں پر مفصل بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکول جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک رہائشی تعلیمی ادارہ ہے جہاں طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیرِ تعلیم نے سکول کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا جن میں کشادہ اور جدید کلاس رومز، سائنسی بنیادوں پر قائم لیبارٹریز، جدید کتب سے مزین لائبریری، رہائشی ہاسٹل، کھیلوں کی سہولیات اور دیگر بنیادی ڈھانچہ شامل تھا۔ انہوں نے تعمیراتی معیار اور سہولیات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ تعلیمی میدان میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے دورے کے دوران طلباء و طالبات سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے زیرِ تعلیم طلباء کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ محنت، نظم و ضبط اور لگن کو اپنا شعار بنائیں تاکہ وہ نہ صرف اپنی زندگی میں کامیاب ہوں بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دانش سکول جیسے ادارے تعلیمی اصلاحات، مساوی مواقع کی فراہمی اور انسانی وسائل کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کے پسماندہ اور کم وسائل رکھنے والے طبقات کے لئے معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیرِ تعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ افتتاح سے قبل تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ادارہ آغاز ہی سے بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان 7 مئی 2026 کو دانش سکول اسلام آباد کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ یہ افتتاح ملک میں معیاری اور جدید تعلیمی اداروں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیشرفت تصور کیا جا رہا ہے، جو حکومت کے تعلیمی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔