پیپلز پارٹی کا 9 مئی کوسی ویو پرمعرکہ حق کے عنوان سے ایک بڑا عوامی ایونٹ منعقدکرنے کا اعلان

بدھ 6 مئی 2026 18:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) ترجمان سندھ حکومت سیدہ تحسین عابدی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام 9 مئی بروز ہفتہ کراچی کے ساحلی علاقے سی ویو کراچی پر معرکہ حق کے عنوان سے ایک بڑا عوامی ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر پاک افواج کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا بروقت اور موثر جواب دے کر ملک کا دفاع مضبوط بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں، جن کے جذبے، اتحاد اور دعائوں نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ بری، بحری اور فضائی افواج نے ہر محاذ پر پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر موثر سفارتکاری اور پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرنے کو بھی سراہا گیا، جبکہ آصف علی زرداری کی دوراندیش قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔