Live Updates

دنیا بین الاقوامی تنازعات کے حل میں پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہے‘پاکستانی سفیر

بدھ 6 مئی 2026 22:55

لکسمبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے کہا ہے کہ 7 مئی 2025ء کو جب بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے پاکستان کو للکارا تو قوم کے سپوتوں نے اس جارحیت کا جواب محض الفاظ میں نہیں بلکہ عملی میدان میں دیا۔ان کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت ایک منظم، فیصلہ کُن اور دفاعی کارروائی انجام دی جس نے نا صرف دشمن کو منہ توڑ جواب دیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری صلاحیت کو بھی نمایاں کردیا۔

رحیم حیات قریشی نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی یہ وہ لمحہ تھا جب اللّٰہ تعالیٰ نے پاکستان کو حکومتی، عسکری اور سفارتی ہر سطح پر سرخرو کیا۔انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ اسی معرکے کی فقید المثال کامیابی نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک منفرد اور باوقار مقام پر لا کھڑا کیا ہے جہاں دنیا بین الاقوامی تنازعات کے حل میں پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہے۔

(جاری ہے)

رحیم حیات قریشی نے کہا کہ اسی کردار کے سبب پاکستان اس قابل ہوا کہ وہ دو متحارب قوتوں امریکا اور ایران کو مذاکرات کے لیے ایک میز پر بٹھا سکے۔قبل ازیں قومی ترانے اور تلاوت کلامِ پاک سے شروع ہونے والی تقریب میں معرکہ حق آپریشن سے متعلق ایک دستاویزی فلم اور آئی ایس پی آر کا تیار کردہ قومی نغمہ بھی پیش کیا گیا جبکہ آخر میں تمام شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔تقریب میں برسلز میں مقیم مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات