کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، کسی نے شوق پورا کرنا ہے تو کرلے، ہم کھڑے ہیں

معرکۂ حق نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم نے کس طرح گھنٹوں میں بھارت کو مؤثر جواب دیا، پاکستان کو بدنام کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو رہی ہے؛ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 مئی 2026 15:21

کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، کسی نے شوق پورا کرنا ہے تو ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2026ء) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ماڈرن ڈومین میں صرف ایک ہی چیز چلتی ہے اور وہ ہے سچ، اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ جھوٹ کو بیچ لیں گے تو ایسا نہیں ہو گا، کسی کا باپ بھی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، کسی نے شوق پورا کرنا ہے تو کرلے، ہم کھڑے ہیں۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا معرکۂ حق نے یہ نہیں دکھایا کہ اس اسکیلیشن کو کون کنٹرول کر رہا تھا، اور کون غالب تھا؟ بھارتیوں نے ایک من گھڑت ڈرامے کی بنیاد پر خطرناک انداز میں اسکیلیشن کی، جبکہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج نے صورتحال کو تحمل کے ساتھ سنبھالا، دو نیوکلیئر ہمسایوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، معرکۂ حق نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم نے کس طرح گھنٹوں میں بھارت کو مؤثر جواب دیا، جو یہ سمجھتا ہے کہ دو نیوکلیئر ممالک کے درمیان جنگ ممکن ہے، وہ حقیقت سے دور ہے، معرکۂ حق نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم نے کس طرح گھنٹوں میں بھارت کو مؤثر جواب دیا، پاکستان کو بدنام کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کی طرف سے آپ کو مبارک باد دیتا ہوں، معرکہ حق میں جو ہوا وہ ہندوستان کا بچہ بچہ بھی جانتا ہے، ہندوستان نے اس بات پر بہت محنت کی کہ دنیا کو یہ باور کراسکے کہ پاکستان دہشتگردی کے پیچھے ہے لیکن معرکہ حق میں شکست کے بعد یہ تمام دعوے زمین بوس ہو گئے، اس کے بعد دنیا کو پتہ چلا کہ بھارت صرف الزام لگا سکتا ہے، بھارت کا دہشتگردی کا ڈرامہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا ہے، اس کو اب کوئی نہیں مانتا، کیوں کہ تم خود سب سے بڑے دہشتگرد ہو۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت خود سب سے بڑا دہشتگرد ہے اور پہلگام واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود آج تک کوئی قابلِ قبول ثبوت پیش نہیں کر سکا، پاکستان نے ابتدا سے ہی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، مگر بھارت نے الزامات اور پروپیگنڈے کا راستہ اختیار کیا، بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے اور دہشتگردی کو فروغ دینے میں ملوث ہے، اس وقت خطے میں اسحکام کا کوئی سفیر ہے تو وہ پاکستان اور پاکستان کی قیادت ہے، کیوں کہ ہمارے بانی کا ویژن امن تھا، معرکہ حق میں پاکستان نے جنگ میں ذمہ داری کے ساتھ خطے کا امن برقرار رکھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں کہ ایک سال گزرگیا، ہمارے سوالات ابھی تک جواب طلب ہیں، لیکن اس ایک سال میں دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، بھارت کو ہر محاذ پر شکست ہوئی، افواج پاکستان قوم کی امنگوں پر پورا اتری ہے، اللہ کا لکھ لاکھ شکر ہے جس نے پاکستان کو عزت بخشی، معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم کا پاک افواج، خصوصا پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا، معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے اپنی جنگی تیاروں کو دُنیا بھر میں ثابت کیا، پاک افواج خطے کی بدلتی جیو پولیٹیکل صورتحال سے باخبر ہیں، پاک فوج جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مسلسل سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔