وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ گلگت میں مسلم لیگ (ن) نے الیکشن ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کیا،حافظ حفیظ الرحمٰن

جمعرات 7 مئی 2026 21:49

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) سابق وزیراعلیٰ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے دورہ گلگت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ تمام ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کیا اور کسی بھی قسم کی انتخابی یا سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔

​انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں عوامی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیےاس کے علاوہ مفت سولر پلیٹس کی فراہمی،100 میگاواٹ اور 51 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبوں سمیت متعدد ترقیاتی پروگرامز کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

​حافظ حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ وزیراعظم نے سیف سٹی فیز ٹو منصوبے کا افتتاح بھی کیا ہے،جسے اسلام آباد اور لاہور کی طرز پر جدید بنایا جائے گا۔اس منصوبے کے لیے وفاق کی جانب سے مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔مزید برآں، لاہور کی طرز پرڈولفن فورس کے قیام اور اس کے لیے مالی و تکنیکی تعاون فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ۔​انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں چار دانش اسکولوں (بونجی،سلطان آباد،خپلو اور سکردو) پر کام تیزی سے جاری ہے،جو خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

​صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان نے اپنے بیان میں زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے صرف وعدے اور دعوے نہیں کیے بلکہ عملی اقدامات کرکے دکھائے ہیں۔ہم نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کی ہے اور آئندہ بھی جمہوری اقدار پر کاربند رہیں گے۔ ​انہوں نے مخالف سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آج مسلم لیگ (ن) کو جمہوریت کا درس دے رہے ہیں انہیں اپنا ماضی نہیں بھولنا چاہیے۔

​انہوں نے اختتام پر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے جو قانون کی بالادستی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) صاف و شفاف انتخابات کی خواہاں ہے اور "تعمیر و ترقی اور روشن گلگت بلتستان" کے منشور کے ساتھ میدان میں اترے گی۔