۳ سینیٹر شیخ بلال مندوخیل کی نیوٹیک اسلام آباد کے ریکٹر سے ملاقات، ڑوب میں ٹیکنالوجی کیمپس کے قیام پر غور

لله* بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم کی فراہمی ترجیح ہے، ڑوب کے لیے جلد بڑی خوشخبری کا اعلان متوقع

جمعہ 8 مئی 2026 01:50

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، ممبر پبلک اکانٹس کمیٹی، اوورسیز پاکستانی و کامرس کمیٹی، سینیٹر شیخ بلال احمد خان مندوخیل نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) اسلام آباد کے ریکٹر اور رجسٹرار سے متعدد اہم ملاقاتیں کیں، جو گزشتہ کئی ماہ سے مختلف نشستوں کی صورت میں جاری رہیں۔

ان ملاقاتوں میں بالخصوص بلوچستان، خصوصا ضلع ژوب کے نوجوانوں اور طلبہ کو اعلی تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے، تعلیمی سہولیات میں بہتری لانے اور ممکنہ تعلیمی منصوبوں کے قیام جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مذاکرات کے دوران دونوں جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئی اور مختلف تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر شیخ بلال احمد خان مندوخیل نے ژوب اور ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی، خودمختاری اور باوقار مستقبل کی طرف لے جا سکتی ہے۔

ہم اس بات کے پابند ہیں کہ ژوب سمیت پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو وہی سہولیات فراہم کی جائیں جو بڑے شہروں میں دستیاب ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میری اولین ترجیح ہے کہ ژوب میں جدید تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مقامی طلبہ کو اپنے علاقوں میں ہی معیاری تعلیم میسر آ سکے اور انہیں نقل مکانی کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ہم چاہتے ہیں کہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کا کیمپس ژوب میں قائم ہو، جہاں جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ نوجوان ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔

اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔مزید برآں، ملاقاتوں میں اس امکان پر بھی غور کیا گیا کہ مستقبل میں ژوب سمیت بلوچستان کے دیگر پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں، تاکہ مقامی طلبہ کو بڑے شہروں کا رخ کیے بغیر معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

سینیٹر شیخ بلال احمد خان مندوخیل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم تعلیم کے میدان میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دیں گے اور ہر سطح پر نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔یہ معاملہ اب اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور تمام ضروری امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ بہت جلد ژوب اور اس کے عوام کیلئے ایک بڑی خوشخبری کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جس سے نہ صرف تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گی